چهارشنبه 30/آوریل/2025

روہنگیا کے مسلمان بھائیوں کی مدد عالم اسلام پر فرض ہے:علماء

جمعہ 8-ستمبر-2017

عالمی علماء کونسل نے روہنگیا میں ریاستی جبر کے شکار مظلوم مسلمانوں کی مدد ونصرت کو عالم اسلام پر فرض قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بین الاقوامی علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل الشیخ علی محی الدین القرہ داغی نے کہا ہے کہ روہنگیا کے مسلمانوں کا مسئلہ محض مسلم ممالک کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے جسے عالمی سطح پر حل کرنے کے لیے پوری دنیا کو آگے آنا ہوگا۔ تاہم روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کرانے کی پہلی ذمہ داری مسلمانوں پر عاید ہوتی ہے۔ برما کے مظلوم مسلمانوں کی مدد اور نصرت پوری مسلم امہ پر واجب ہے۔

علماء کونسل نے تمام مسلمان ملکوں کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ برما کے مظلوم مسلمانوں کو ظلم سے نجات دلانے کے لیے سفارتی اور سیاسی کوششیں تیز کریں۔ علماء مساجد کے منبرو محراب سے برما کے مسلمانوں کی مظلومیت کو اجاگر کریں اور ذرائع ابلاغ مظلوم روہنگیا مسلمانوں کی مدد و نصرت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

الشیخ القرہ داغی کا کہنا ہے کہ اراکان میں مسلمانوں پر جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں وہ پوری دنیا کے لیے باعث عار ہیں۔ نہتے مسلمانوں کو بے دریغ تہہ تیغ کیا جا رہا ہے۔ ان کی بستیوں کو اجاڑا جا رہا ہے اور بڑی تعداد میں مسلمانوں کو ان کے گھروں سے نکال دیا گیا ہے۔ ایسے میں برما کے مظلوم مسلمان عالم اسلام سے مدد کی فریاد کرتے ہیں۔

علماء کونسل کا کہنا ہے کہ برما میں بدھ مذہب کے متعصب انتہا پسندوں کے ظلم کا شکار مسلمانوں کے معاملے پر عالم اسلام کو آنکھیں بند کرکے بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں۔ روہنگیا مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنا مسلم دنیا کی مذہبی اور انسانی ذمہ داری ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی