اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے شام میں جمعرات کے روز اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں کی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق لبنان میں حماس کے مندوب علی برکہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی ریاست ایک بے لگام ملک ہے جو جب چاہے پڑوسی ملکوں پر چڑھائی کردیتا ہے۔ شام میں ایک اسلحہ ساز فیکٹری کی آڑ میں بمباری وحشیانہ فعل ہے۔ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
علی برکہ کا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی عرب یا مسلمان ملک پر اسرائیل کی طرف سے بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ شام میں اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں کا حملہ بزدلانہ کارروائی ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو اسرائیلی فوج کے طیاروں نے مغربی شہر حماۃ میں مصیاف کے مقام پرمبینہ طور پر ایک اسلحہ ساز فیکٹری کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں کم سے کم دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اسرائیلی حکومت کے ذرائع کے مطابق شام میں ایک اسلحہ ساز فیکٹری کو تباہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگی طیارے لبنان کی فضاء سے گذر کر شام کی حدود میں داخل ہوئے تھے۔