اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے میانمار کی فوج اور پولیس کے ہاتھوں مغربی صوبےروھینگیا میں مسلمان اقلیت پر ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ روہنگیا میں بسنے والے مسلمانوں پر وہاں کی فوج اور پولیس کے ہاتھوں ڈھائے جانے والے مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ روہنگیا کے مسلمانوں سے کئی سال سے جاری غیر انسانی سلوک زندہ ضمیر انسانیت، انسانی حقوق کی تنظیموں، عالمی برادری اور عالم اسلام سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ روہنگیا کے مسلمانوں کو اجتماعی طور پر بے رحمی کے ساتھ قتل کیا جا رہا ہے مگر عالم برادی اور مسلم دنیا ان مظالم پر خاموش تماشائی اور مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہے۔
عزت الرشق کا کہنا ہے کہ روہنگیا کے مسلمانوں سے غیرانسانی سلوک پر خاموش رہنے والے اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ اراکان میں مسلمانوں کے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے وہ انسانیت کے ماتھے پر بد نما داغ ہے اور ان مظالم پر خاموش رہنے کا کوئی جواز نہیں۔