سیکڑوں اسرائیلیوں نے وزیر اعظم نیتن یاہو کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لئے مشرقی تل الربیع "تل أبيب” کے شہر "بيتاح تكفا” میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اسرائیلی ذرائع بشمول عبرانی اخبار "معاريف” کے مطابق سیکڑوں مظاہرین اسرائیلی حکومت کے قانونی مشیر اویوئی مندلبلیت کے گھر کے باہر جمع ہوئے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ نیتن یاہو کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کی جائیں۔
"معاريف” ویب پورٹل نے مزید بتایا کہ مظاہرین میں اسرائیلی پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے سرکردہ رہنما اور رکن پارلیمان اریئیل مرغیلیب بھی شامل تھے۔
اس سے قبل اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ کے خلاف کرپشن کے شبہے میں فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔
گذشتہ ہفتے نیتن یاہو نے اپنے خلاف ہونے والے ہفتہ وار مظاہروں پر تنقید کی تھی۔
اسرائیلی اپوزیشن اور ذرائع ابلاغ نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ پر کرپشن الزامات لگا رہے ہیں۔ گذشتہ کئی مہینوں سے تل ابیب اور ملک کے دوسرے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں جن میں نیتن یاہو سے مستعفی ہونے پر زور اور ان کے خلاف کرپشن الزامات کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔