چهارشنبه 30/آوریل/2025

’جنین کے 30 شہداء کے جسد خاکی صہیونی سردخانوں میں بند‘

منگل 29-اگست-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے 30 شہداء کے جسد خاکی اسرائیلی فوج کی تحویل میں بدستور سرد خانوں میں پڑے ہیں۔ دوسری جانب شہداء کے ورثاء اپنے پیاروں کے جسد خاکی واپس کرنے کے لیے مسلسل سراپا احتجاج ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن میں قائم قومی مہم برائے بحالی جسد شہداء کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 259 فلسطینی شہداء کے جسد خاکی اسرائیلی فوج کے قبضے میں ہیں۔ ان میں سے 30 شہداء کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین سے ہے۔

مہم کے کورآرڈینیٹر سالم خلہ نے جنین شہداء کے ورثاء کی جانب سےدیئے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی فوج نے 259 فلسطینی شہیدوں کے جسد خاکی قبضے میں لے رکھے ہیں۔ ان میں 10 موجودہ شہداء انتفاضہ القدس کے دوران شہید کیے گئے فلسطینیوں کے جسد خاکی شامل ہیں جبکہ برف خانوں میں رکھے گئے شہداء کی تعداد 67 ہے۔

مہم کے ایک دوسرے رکن احمد ابو زید نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے جنین کے 30 شہداء کے جسد خاکی قبضے میں لے رکھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے جسد خاکی قبضے میں رکھنے کا ظالمانہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ تمام فلسطینی طبقات کو مل کر شہداء کے جسد خاکی واپس کرنے اورآئندہ کے لیے یہ سلسلہ بند کرنے کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔

مختصر لنک:

کاپی