ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں دیر پر قیام امن کا راستہ آزاد اور مکمل خود مختار فلسطینی مملکت کے قیام سے ہو کرگذرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوتا تب تک خطے کے دوسرے بحران بھی حل نہیں کیےجاسکتے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک صدر نے ان خیالات کا اظہار صدر محمود عباس سے انقرہ میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال، مسجد اقصیٰ اور القدس سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین نیشنل کونسل کا اجلاس بلانے، فلسطینیوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کو ختم کرنے، فلسطین اور خطے میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیوں پر بات چیت کی گئی۔
خیال رہے کہ صدر محمود عباس اتوار کو تین روزہ دورے پر انقرہ پہنچے تھے۔
ترک ایوان صدر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس ترک صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں فلسطین، ترکی تعلقات اور دیگر اہم امور پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔