اسرائیلی جیل میں قید دو فلسطینی بچوں کو ان کی مدت حراست کے اختتام کے بعد رہا کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق 15 سالہ محمد ایمن محمد عبدالرزاق کو دو سال قید میں رکھنے کے بعد رہا کیا گیا ہے۔ عبدالرزاق کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس کی الثوری کالونی سے ہے۔ اسےدو سال قبل اسرائیلی فوج نے حراست میں لیا تھا۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق عبدالرزاق کو اسرائیلی فوج نے 9 ستمبر کو بیت المقدس سے سنگ باری کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ اس وقت اس کی عمر تیرہ سال تھی۔ کم عمر ہونے کے باوجود قابض فوج نے اسے ’مجد‘ میں ڈال دیا تھا۔
ایک دوسرے فلسطینی لڑکے 17 سالہ نسیم راید عواد کلیب کو بھی گذشتہ روز رہا کیا گیا۔ عواد کلیب کا تعلق بیت المقدس کے العیسویہ قصبے سے ہے۔ اسے پانچ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی جسے پوری کرنے کے بعد اسے رہا کیا گیا۔