قابض صہیونی فوج کی طرف سے فلسطینی طلباء وطالبات کے تحصیل علم پر ناروا پابندیوں کا نفاذ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے مسجد اقصیٰ سے متصل اسکول میں تدریسی عمل کا آغاز ہونے کے بعد 160 فلسطینی طلباء طالبات کو اسکول میں داخل ہونے سے روک دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کے روز ڈیڑھ سو سے زاید طلباء طالبات کتابیں اور بیگ اٹھائے مسجد اقصیٰ کے باب الاسباط کے مقام پر پہنچے تو قابض فوج نے انہیں روک لیا۔ ان کی کتابیں اور بستے ان سے چھین لیے اور اسکول میں جانے سے روک دیا۔
مقامی شہریوں نے مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج باب الاسباط کے مقام پر بنی چوکی پر فلسطینی طلباء کو روک لیا۔ ان کی کتابیں چھین لیں۔ طلباء کے احتجاج پر قابض فوج نے انہیں دھمکیاں دیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق صہیونی فوج کی طرف سے کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ سے متصل اسکول فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے چلایا جا رہا ہے۔ اس لیے وہاں پر طلباء کو جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔