فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے ایک زخمی فلسطینی نوجوان نے رام اللہ حکومت اور وزارت صحت سے اپنے علاج میں معاونت کی اپیل کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شمالی غرب اردن کے شہر جنین میں قائم جنین کیمپ کے رہائشی عدی نزار نمر ابو ناعسہ نے رام اللہ وزارت صحت کے نام اپنے پیغام میں اپیل کی کہ اس کا سرکاری سطح پر کسی اسپتال میں علاج کیا جائے۔
وزیر صحت جواد عواد کے نام اپنی اپیل میں زخمی فلسطینی شہری کا کہنا ہے کہ اس کے اہل خانہ کے پاس اس کے علاج کے لیے وسائل نہیں۔ وہ اپنے علاج کے لیے فلسطینی اتھارٹی اور حکومت سے مدد کا خواست گار ہے۔ حکومت اس کے علاج کے لیے مادی اور مالی وسائل مہیا کرے۔
خیال رہے کہ ابو ناعسہ چندہ ماہ قبل ایک فوجی کارروائی کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ جنین میں ایک کارروائی کے دوران دو فلسطینی اوس سلامہ اور سعد صلاح نے جام شہادت نوش کیا جب کہ ناعسہ کی ٹانگ شدید زخمی ہوگئی تھی۔