قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں گذشتہ تین روز کے دوران فلسطینیوں کی چار بسیں ضبط کرنے کے بعد انہیں فوجی کیمپوں میں منتقل کردیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین مطابق قبضے میں لی گئی چاروں بسیں غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں چل رہی تھیں۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جمعہ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فوج نے فلسطینی ٹرانسپورٹ کمپنی ’التمیمی‘ کی چار بسیں ضبط کی ہیں۔ اس کمپنی پر الزام ہے کہ وہ غرب اردن میں حماس کے کارکنان کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ التمیمی کمپنی کی بسیں حماس سے وابستہ طلباء اور دیگر کارکنان کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیلی فوج سے لڑنے والے فلسطینی نواجوں کو نقاط تماس تک پہنچانے میں بھی مدد دیتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2015ء کے دوران بھی فلسطینی مزاحمت کاروں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرنے والی کمپنیوں کی کئی بسیں ضبط کی گئی تھیں۔