اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کا ایک وفد ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچا ہے جہاں وہ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایران کے دورے پرآئے وفد میں جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق، صالح العاروری، زاھر جبارین اور اسامہ حمدان شامل ہیں۔
حماس کا یہ وفد ایران کی جانب سے باقاعدہ دعوت پر تہران پہنچا ہے۔ ایران کی جانب سے حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کو بھی صدر حسن روحانی کی دوسری بار حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے دورے کی دعوت دی گئی تھی تاہم اسماعیل ھنیہ خود نہیں آسکے ہیں۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کو اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے دورے کی دعوت دینا جماعت کی قدرو منزلت کے اعتراف کا برملا اظہار ہے۔ حماس نے ایران کی جانب سے فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کی حمایت اور فلسطینیوں کےمطالبات کے حصول کے لیے جاری منصفانہ جدو جہد میں معاونت پرایران کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔