جمعه 15/نوامبر/2024

بیروت میں ایرانی وفد اور حماس قیادت کے درمیان بات چیت

جمعرات 3-اگست-2017

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کل بدھ کو ایران کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی مقامی قیادت سے ملاقات کی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیروت میں حماس کی قیادت سے ملاقات کرنے والے ایرانی وفد کی قیادت ایرانی مجلس شوریٰ کے رکن اسپیکر کے سیاسی امور کے مشیر امیر حسین عبداللھیان کررہے تھے۔ اس موقع پر بیروت میں متعین ایرانی سفیر محمد فتح علی بھی موجود تھے۔

جب کہ حماس وفد کی قیادت بیروت میں جماعت کے مندوب اسامہ حمدان نے کی۔ اس کے علاوہ جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن صالح العاروری اور دیگر رہ نما بھی موجود تھے۔

حماس قیادت اور ایرانی وفد کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، اسرائیلی ریاستی دہشت گردی، غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی، فلسطین میں یہودی آباد کاری اور مسجد اقصی پر اسرائیلی فوج کی پابندیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وفد کے سربراہ امیر حسین عبداللھیان نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی قوم کے تمام دیرینہ حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے مسجد اقصیٰ کو کھولنے جانے پر بالعموم پوری فلسطینی قوم بالخصوص حماس کو مبارک باد پیش کی۔

مختصر لنک:

کاپی