قرض لے کر اس سے معاف کرانے یا ادا نہ کرنے کے لیے دنیا بھر میں طرح طرح کے حیلے بہانے رچائے جاتے ہیں۔ چین کی ایک خاتون نے قرض کی ادائی سے بچنے کے لیے ایک انوکھا طریقہ اپنایا۔ اس نے قرض کی رقم لوٹانے سے بچنے کے لیے اپنی شکل تبدیل کراتے ہوئے چہرے کی سرجری کرانے کا حربہ اختیار کرکے سب کو حیران کر دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مذکورہ 59 سالہ چینی خاتون کا رہائشی تعلق وسطی چین کے ووہان شہر سے ہے۔ اس نے کئی برس قبل 25ملین یوآن کی رقم قرض لی تھی۔ یہ رقم امریکی کرنسی میں 30 لاکھ 71 ہزار ڈالر یعنی 30 کروڑ 71 لاکھ روپے کے برابر ہے۔
چینی خبر رساں ادارے ’شینگوا‘ کے مطابق خاتون جب قرض کی رقم کی ادائی میں ناکام رہی تو اس نے چہرے کی سرجری کرائی تاکہ اپنی شکل تبدیل کرکے چھپا جاسکے۔ رپوٹ کے مطابق قرض نا دہندہ خاتون کو عدالت نے قرض کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا تھا مگر وہ جنوب مشرقی چین کے شہر سنٹشن فرار ہوگئی تھی۔
خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے جب خاتون کو حراست میں لیا تو وہ حیران تھے کہ 60 سالہ خاتون کیسے 30 سال کی عمرکی ہوگئی کیونکہ پولیس کے پاس اس کی جو تصویر تھی وہ اس کی موجودہ شکل سے بالکل مختلف تھی۔
’چو ناوان‘ نامی خاتون نے پولیس کو تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ ملک کے مختلف شہروں میں سفر کےلیے دوسرے افراد کے شناختی کارڈز استعمال کرتی تھی۔ اس کا کہنا ہے کہ چہرے کی پلاسٹک سرجری کے لیے اس نے ایک ادھار کریڈٹ کارڈ کا استعمال کیا۔