اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کے عزم و استقلال نے صہیونی دشمن کے قبلہ اول پر قبضے کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔ مسجدا قصیٰ کے باہر سے پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد ایک بیان میں اسماعیل ھنیہ نے پوری مسلم امہ اور فلسطینی قوم کو قبلہ ال کھولے جانے کی مبارک باد پیش کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ اہالیان القدس نے اپنی جرات، استقامت اور بہادری سے دشمن کو قبلہ اول پرقبضے سے روک دیا۔ یہ فلسطینیوں کی جرات اور دلیری کا نتیجہ ہے کہ قابض دشمن کو شکست کی دم پکڑ کر بھاگنا پڑا۔
اسماعیل ھنیہ نے بیت المقدس کے شہریوں کےجذبہ استقامت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بیت المقدس کے جانثار عوام نے فتح ونصرت کا روشن باب قائم کیا ہے۔
جس طرح فلسطینی قوم بالخصوص اہلیان القدس کے باشندوں نے قبلہ پر صہیونی غاصب دشمن کے قبضے کی سازش ناکام بنائی اسی جذبے سے جلد بیت المقدس اور پورا فلسطین آزاد ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن فلسطینی قوم کو قبلہ اول سے محروم کرنا چاہتا تھا مگربیت المقدس کے باشندوں نے دشمن کے اس ناپاک ارادے کو بری طرح ناکام بنا دیا۔
حماس رہ نما نے کہا کہ بیت المقدس صرف فلسطینیوں کا شہر نہیں بلکہ تمام عرب اقوام اقوام اور مسلم امہ کا شہر ہے۔ پورا بیت المقدس فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنے گا۔ انہوں نے فلسطینی قوم کی صفوں میں اتحاد واتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے باہر کھڑی کی گئی تمام رکاوٹیں ہٹا دی تھیں جس کے بعد فلسطینی شہریوں نے مسجد اقصیٰ میں عبادت کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔