اسرائیلی زندانوں میں گذشتہ 16 سال سے پابند سلاسل ایک فلسطینی شہری کو گذشتہ روز رہا کردیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے مضافاتی علاقے یطا سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ محمود محمد محمود بحیص کو ساڑھے پندرہ سال قید کی مدت پوری ہونے کے بعد گذشتہ روز رہا کیا گیا۔
القدس میں شہداء فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ محمود بحیص کو اسرائیلی فوج نے 24 جنوری 2002ء کو حراست میں لیا تھا۔ اس پر اسلامی جہاد سے تعلق اور اسرائیل کے خلاف مزاحمتی سرگرمیوں میں حصہ لینے الزام میں مقدمہ چلایا گیا اور اس مقدمے کے تحت اسے 15 سال چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
خیال رہے کہ رہائی پانے والا فلسطینی شہری محمود بحیص شادی شدہ ہے اور اس کا ایک بیٹا ہے جس کا نام انس رکھا گیا ہے۔ رہائی کے وقت بحیص جزیرہ نما النقب جی جیل میں قید تھا۔