چهارشنبه 30/آوریل/2025

محمود عباس ملک و قوم کو غیروں کے ہاتھ گروی رکھنا چاہتے ہیں:الزھار

بدھ 5-جولائی-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے رکن اور جماعت کے پارلیمانی بلاک ’اصلاح و تبدیلی‘ کے سربراہ ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا ہے کہ صدر محمود عباس قوم اور ملک کو دشمن کے ہاتھ پر گروی رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حماس مسئلہ فلسطین کی حمایت کی بنیاد پر تمام مسلمان اور عرب ممالک کے ساتھ یکساں تعلقات کے قیام کی خواہاں ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الزھارنے کہا کہ حماس فلسطینی قوم، وطن اور مقدسات کی محافظ اور امین ہے۔ ہم وطن کی ایک انچ بھی غاصب دشمن کو نہیں دیں گے۔ دریائے اردن سے بحر متوسط تک اور رفح سے راس الناقورہ تک سارا علاقہ فلسطین ہے اور ہم اس اسے آزاد کرائیں گے۔

حماس رہ نما نے کہا کہ ان کی جماعت تمام عرب اور مسلمان ممالک کے ساتھ قضیہ فلسطین کی حمایت کی بنیاد پر یکساں تلعقات کےقیام کی حامی ہے۔ انہوں نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ اسرائیل یا بعض دوسرے حلقے حماس کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کوشش کررہے ہیں اور حماس بیرونی دباؤ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن ممالک کی طرف سے فلسطینیوں کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت نہیں بھی کی حماس ان کے ساتھ بھی برابری کی بنیاد پر دوستانہ مراسم کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔ ہمارے دروازے تمام عرب ممالک کے لیے کھلے ہیں۔

ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا کہ سنہ 2006ء کے بعد غزہ کے دو ملین عوام کا محاصرہ کرنے اور اس میں مدد کرنے والے فلسطینی قوم کے خیر خواہ نہیں بلکہ قوم کے مجرم ہیں۔ حماس سنہ 2006ء سے اب تک پورے عزم کے ساتھ غزہ کی پٹی میں موجود ہے۔ اس دوران حماس کو دیوار سے لگانے اور کمزور کرنے کے لیے تین بار جنگیں بھی مسلط کی گئیں مگر ہماری جنگ پورے فلسطین کی پنجہ یہود سے آزادی تک جاری رہے گی۔

 

مختصر لنک:

کاپی