چهارشنبه 30/آوریل/2025

حماس کی مصری حکام سے طے شدہ امور کے عمل درآمد پر بات چیت

بدھ 5-جولائی-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جماعت کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد اس وقت مصر کے صدر مقام قاہرہ میں ہے جہاں وہ مصری قیادت کے ساتھ سابقہ مذاکرات میں طے پانے والے امور پرعمل درآمد کے ٹائم فریم پر بات چیت کر رہا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ حماس کے سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتہی کی قیادت میں جماعت کے وفد نے قاہرہ میں مصری حکام سے بات چیت جاری رکھی ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ وفد گذشتہ ماہ حماس اور مصر کے درمیان طے پائے امور پر عمل درآمد کے طریقہ اور ان کے عمل درآمد کے ٹائم فریم پر بات چیت کر رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حماس کا وفد مصری قیادت کےساتھ غزہ کی پٹی کے عوام کے مسائل کے انسانی، سیکیورٹی اور سیاسی پہلوؤں پر غور مذاکرات کررہا ہے۔ توقع ہے کہ فریقین میں جاری بات چیت جلد حتمی شکل اختیار کرے گی اور فریقین میں طے پائے امور پرعمل درآمد کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں حماس کے سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتہی کی قیادت میں ایک تکنیکی وفد قاہرہ پہنچا تھا۔ وفد میں فلسطین کے مختلف محکموں کے اہلکار شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حماس کے غزہ کی پٹی میں سربراہ یحییٰ السنوار نے گذشتہ ماہ مصر کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے آٹھ دن تک مصری قیادت سے دو طرفہ امور پر بات چیت کی جس کے بعد مصر نے غزہ کی پٹی کو ایندھن کی سپلائی شروع کی ہے۔ تاہم غزہ کی پٹی کی بین الاقوامی گذرگاہ رفح کو فی الحال عام شہریوں کی آمد ورفت کے لیے نہیں کھولا گیا۔

 

مختصر لنک:

کاپی