اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ماہر فلسطینی نشانہ باز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں کریات اربع کالونی کے قریب یہودی آباد کاروں کی ایک کار پر گھات لگا کر حملہ کیا تاہم اس کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
عبرانی نیوز ویب سائیٹ ’0404‘ کے مطابق سوموار اور منگل کی درمیانی شب کریات اربع کے مقام پر ایک نامعلوم فلسطینی نشانچی نے گھات لگا کر یہودی آباد کاروں کی ایک کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کار کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ بالائی سمت سے کی گئی جس کےنتیجے میں گولیاں کار کی چھت کو پھاڑتی ہوئی اندر داخل ہوگئی۔
ویب سائیٹ کے مطابق جب کار پر فائرنگ گئی تو اس وقت اس میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔ نامعلوم نشانہ باز نے کھڑی کار کو نشانہ بنایا ہے۔ یہودی آباد کار ڈیوڈ کیریا کے مطابق اس کی کار کی چھت پر گولیاں لگنے سے نشانات موجود ہیں گولی ڈرائیونگ سیٹ کے کوئی 30 سینٹی میٹر کے فاصلے پر لگی ہے۔