اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری اور مزاحمتی مراکز کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں بلا اشتعال بمباری کرکے خطرناک کھیل کھیل رہا ہے۔ اس کے تمام تر سنگین نتائج کی ذمہ داری صہیونی ریاست پرعاید ہوگی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں نتائج اور مضمرات کو نظرانداز کرتے ہوئے صہیونی ریاست نے حملوں کی جو حماقت کی ہے اس کے سنگین نتائج کی ذمہ داری بھی اسرائیل پرعاید ہوگی۔
حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر جارحیت کے لیے اسرائیل نے غزہ سے راکٹ حملے کا نام نہاد ڈرامہ رچایا ہے اور ڈرامے کی آڑمیں غزہ کی پٹی میں جارحیت کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ کی پٹی میں مزاحمتی تنظیموں کے مراکز پر بمباری ایک خطرناک کھیل ہے جس کے بھیانک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ فلسطینی قوم کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے بمباری سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ اسرائیل نتائج سے بے پرواہ ہو کر غزہ کے خلاف جارحیت کو ہوا دے رہا ہے جس سے صہیونی ریاست کے جنگی جنون کا صاف اندازہ کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ آج منگل کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں متعدد اہداف پر زمینی اور فضائی حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔