فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں ایک فلسطینی کار اور سرائیلی بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم سے کم چھ فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ المناک حادثہ رام اللہ کے مشرق میں رام اللہ۔ نابلس شاہراہ پر اس وقت پیش آیا جب ’عوفر‘ یہودی کالونی سے ایک اسرائیلی بلٹ پروف بس اور فلسطینی کار آپس میں ٹکرا گئیں۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق حادثے میں کم سے کم چھ افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں اسرائیلی بھی شامل ہیں۔
بس سے ٹکرانے والی فلسطینی کارمکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔
ہلال احمر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ رام اللہ میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے فلسطینی ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان میں میاں بیوی اور ان کے چار بچے شامل ہیں۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ حادثے کی تحقیقات کررہی ہے۔ حادثے مین زخمی ہونے والے تمام زخمیوں کو ابو کبیر اسپتال منتقل کیا گیا ہے، بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔