قابض صہیونی فورسز نےفلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں جبع چیک پوسٹ پر ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ صہیونی فورسز نے الزام عاید کیا ہے کہ فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولیاں ماری گئیں جب اس نے ایک فوجی اہلکار پر چاقوسے حملے کی کوشش کی تھی۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی نے ’سیون‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جبع فوجی چیک پوسٹ پر ایک فلسطینی نوجوان نے صہیونی فوجیوں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی۔ اس پر وہاں موجود فوجیوں نے گولی چلائی جس کے نتیجے میں فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے بھی فلسطینی شہری کی شہادت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ نوجوان کو شمال مشرقی القدس میں قائم ’جبع‘ چیک پوسٹ پر گولیاں ماری گئیں۔
وزارت صحت نے شہید فلسطینی کی شناخت 23 ساہ بہاء سمیر الحرباوی کے نام سے کی ہے جس رہائشی تعلق بیت المقدس کے العیزریہ قصبے سے ہے۔
الحرباوی کی شہادت کے بعد یکم اکتوبر 2015ء سے فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ القدس میں شہداء کی تعداد 326 ہوگئی ہے۔ رواں سال اب تک 45 فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے بیت المقدس میں شہید فلسطینی کے گھر پر چھاپہ مار کو اس کےوالد کو حراست میں لے لیا۔