اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے خلاف بدعنوانی کےمبینہ الزامات کے تحت جاری مقدمات کے حوالے سے تحقیقات جاری رہیں گی۔
عبرانی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت کے مشیر قانون ابیحائی منڈلبلیٹ، پراسیکیوٹر جنرل شائی نٹزن اور پولیس کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ مینی یتزحاقی اور دیگر عہدیداروں نے مشترکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم کے خلاف جاری کرپشن کیسز کی تحقیقات پرغور کیا۔ اس موقع پرپولیس حکام نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف کرپشن کیسز کی تحقیقات موسم گرما کے دوران ختم ہونے کا امکان نہیں۔ یہ تحقیقات ابھی کئی ماہ جاری رہ سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو آئندہ چند ماہ کے دوران ایک سے زاید بار تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونا پڑ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف بیرون ملک سے بیش قیمت تحائف وصول کرنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے جیسے الزامات عاید کیے گئے ہیں۔