فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں الجلزون پناہ گزین کیمپ میں سوموار کو علی الصباح قابض صہیونی فوج نے نہتےفلسطینی شہریوں کے گھروں پر آنسوگیس کی بارش کردی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تمام افراد آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی اور دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات کو بتایا کہ شمالی رام اللہ میں صہیونی فوج نے بلا جواز اور بلا اشتعال شہریوں کے گھروں پر اشک آور گیس کی شیلنگ شروع کی جس کے نتیجے میں آنسوگیس کے کئی شیل ایک گھرکے اندر جا گرے جہاں گھر میں بچے اور خواتین بھی موجود تھیں۔ آنسوگیس کے شیل گھر کے اندر پھٹنےسے تمام افراد زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آنسوگیس کی اندھا دھند شیلنگ کا شکار فلسطینی خاندان کے تمام افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ آنسوگیس اس قدر شدید تھی کہ اس کے نتیجے میں متاثرہ بچے اور خواتین کئی گھنٹے تک ہوش میں نہیں آسکیں۔