چهارشنبه 19/مارس/2025

قابض فورسز اور یہودی آباد کاروں کے فلسطینیوں پر حملے

پیر 30-جنوری-2023

اتوار کی شام اسرائیلی قابض فورسز اور مسلح  یہودی آباد کاروں نے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں پر حملے جاری رکھے ہیں۔  یہ حملے مغربی کنارے میں کیے گئے۔ اس دوران رام اللہ میں فلسطینی نوجوان جھڑپوں میں زخمی ہو گیا۔   

رام اللہ کے مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس کے شیل فائر کرنے کے علاوہ ربڑ کی گولیوں کے ساتھ ساتھ بارودی گولیاں بھی فائر کیں۔ نبی صالح نامی گاوں میں فلسطینی نوجوانوں اور قابض فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی۔     

متعدد فلسطینیوں کی اندھا دھند پھینکے گئے آنسو گیس کی وجہ سے حالت سخت خراب ہو گئی۔ جبکہ ایک فلسطینی  نوجوان  ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔        

دوسری جگہ سلفیت میں  درجنوں یہودی آباد کاروں نے یوسف گاوں کو جانے والی مین روڈ بلاک کر دی۔ جس سے فلسطینی شہریوں کی گاڑیاں رک گئیں۔ اس دوران یہودی آباد کاروں نے پتھراو بھی کیا ، جس سے کئی فلسطینیوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔ تاہم کسی  شہری کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔     

 دریں اثنا الخلیل میں قابض فورسز نے کئی فلسطینیوں سے تفتیش کی ہے ۔ ان میں فلسطینی  صحافی احمد حلایقہ بھی شامل ہیں۔ یہ واقعہ بیت عمر ٹاون میں الخلیل کے شمالی حصے میں پیش آیا۔ تاہم تفتیش کے بعد ان فلسطینیوں کو چھوڑ دیا گیا۔      

مغربی کنارے کے ہی علاقے میں فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی قابض فورسز کی طرف سے بڑھی ہوئی کارروائیوں کے خلاف پتھراو کیا۔ پتھراو کا یہ واقعہ بھی بیت عمر ٹاون میں پیش آیا۔     

 واضح رہے دو دن سے اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں اپنی نفری میں اضافہ کر دیا ہے۔ مختلف مقامات پر قابض فورسز کے  عارضی  چیک پوائنٹس بھی قائم کیے  گئے ہیں

مختصر لنک:

کاپی