فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے غزہ کی پٹی کے علاقے کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کمی اور دیگر مراعات ختم کرنے کے خلاف سرکاری ملازمین کا کل سوموار سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں فلسطینی اتھارٹی کے ملازمین کی نمائندہ کمیٹی کنوینئر عارف ابو جراد نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ رام اللہ انتظامیہ کی جانب سے صدر عباس کے حکم پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کیے تین ماہ کا عرصہ گذر چکا ہے۔ ملازمین اپنی تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ واپس لینے کے لیے متعدد بار احتجاجی مظاہرے کرتے رہے ہیں۔ غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت تمام ملازمین کل سوموار سے احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک کے دوران مالی مراعات کی بحالی کے لیے جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اس کے علاوہ سیمینار اور پرس کانفرنسوں کے ذریعے فلسطینی اتھارٹی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
قدس پریس سے بات کرتے ہوئے ابو جراد نے کہا کہ کل سوموار سے مغربی غزہ میں السرایا اسکوائر میں مستقل احتجاجی دھرنا دیا جائے گا اور مطالبات پورے ہونے تک یہ دھرنا جاری رہے گا۔