فلسطینی پارلیمنٹ میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس’ کے پارلیمانی بلاک اصلاح وتبدیلی کے ارکان نے ایک ماہ کی تنخواہیں کینسر اور گردے کے مریضوں کے لیے عطیہ کی کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی مجلس قانون ساز کے ڈپٹی اسپیکر احمد بحر نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی محکمہ صحت کے چیئرمین باسم نعیم کو حماس کے ارکان پارلیمان کی ایک ماہ کی تنخواہوں کی رقوم عطیہ کی ہے۔
ڈاکٹر احمد بحر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے ارکان پارلیمان کی طرف سے اپنی تنخواہیں کے چیک ڈاکٹر باسم نعیم کو دیے گئے ہیں۔ یہ رقم غزہ کی پٹی میں کینسر اور گردے کے مریضوں کے علاج پرخرچ کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے اسپتالوں میں اسرائیلی ناکہ بندی کے نتیجے میں مریضوں کی حالت کافی تشویشناک ہے۔ رام اللہ وزارت صحت کی طرف سے غزہ کی پٹی کے اسپتالوں کے مسائل اورمریضوں کے علاج کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کی گئی ہیں جس کے باعث شہری اپنی مدد آپ کے تحت اسپتالوں کے ساتھ تعاون کرکے انہیں چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے دانستہ طور پرغزہ کی پٹی کے اسپتالوں کو مشکلات سے دوچار کیا ہے۔ ایک طرف غزہ کی پٹی پر دس سال سے اسرائیلی پابندیاں مسلط ہیں اور دوسری جانب رام اللہ انتظامیہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غزہ کے اسپتالوں اور محکمہ صحت کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔