فلسطینی افتاء کونسل کی جانب سے گذشتہ روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ صیام میں فطرانے کی مقدار آٹھ شیکل یا اس کے مساوی رقوم مقرر کی گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی سپریم افتاء کونسل نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ماہ صیام کے دوران محتاجوں، ناداروں ، یتیموں اور بیواؤں کی اپنے مال سے ضروریات پوری کرنے کے لیے دل کھول کر مدد دیں۔
بیان میں کہا گیاہے کہ جو شخص روزہ نہیں رکھ سکتا وہ ایک مسکین کو یومیہ کھانا کھلانے کے برابر مقدار میں فدیہ ادا کرے۔ فدیہ کی قیمت مقامی سطح لوگوں کی آمدن کے حساب سے ہوگی تاہم یہ صدقہ فطر سے کم نہیں ہونی چاہیے۔
بیان میں زکواۃ کا تناسب بھی واضح کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ دس مثقال سونے کے عوض زکواۃ واجب ہوگی۔ اس کی طرح دو سو درہم کے مساوی رقم کے چاندی پر زکواۃ فرض ہوگی۔ ایک سنہری دینار سوا چار گرام کے مساوی ہوگا۔ اس طرح 85 گرام سونے پر زکواۃ فرض ہوگی۔