برطانیہ میں عدالت کی جانب سے گیس اور تیل کے ایک سابق تاجر کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی سابقہ بیوی کو 45.3 کروڑ پاؤنڈ (58 کروڑ امریکی ڈالر) کی ادائیگی کرے جو ملکی تاریخ میں طلاق کے نتیجے میں کسی بھی خاتون کو ملنے والی غالبا سب سے بڑی رقم ہے۔
تفصیلات کے مطابق 61 سالہ تاجر اور اس کی 41 سالہ مطلقہ بیوی دونوں ہی روسی نژاد ہیں۔ انہوں نے 20 سال قبل ماسکو میں شادی کی تھی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔ بعد ازاں یہ جوڑا برطانیہ منتقل ہو گیا۔
برطانوی عدالت کے جج کے مطابق مطلقہ خاتون کو مجموعی "ازدواجی اثاثوں” کا 41.5% حصّہ دیا گیا ہے جو خاتون کی جانب سے اپنے شوہر کے ساتھ گزارے جانے والے بیس برسوں کا زرِ تلافی ہے۔ جج کا کہنا ہے مذکورہ مطلقہ نے بیس برس تک کسی بھی خادمہ یا ملازمہ کی معاونت کے بغیر خاتونِ خانہ ہونے اور دونوں بچوں کی تربیت کی ذمے داری انجام دی۔
عدالت نے روسی نژاد برطانوی ارب پتی تاجر اور اس کی سابقہ بیوی کی خواہش پر دونوں کا نام ظاہر نہیں کیا۔