بین الاقوامی فوڈ کمپنی ’پیزا ہٹ‘ نےحال ہی میں اسرائیلی اخبارات میں شائع ہونے والے اس اشتہار پر معذرت مانگی ہے جس میں 17 اپریل سے اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کی ہڑتال کا مبینہ طور پر مذاق اڑایا گیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’پیزا ہٹ‘ کے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’‘فیس بک‘ کے آفیشل صحفے پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اپنے اس اشتہار پر معذرت خواہ ہے جس کے نتیجے میں اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کی دل آزاری ہوئی ہے۔
کمپنی نے اشتہار کو غلطی قرار دیتے ہوئے اس کے ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کا بھی عندیہ دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پیزا ہٹ‘ ایک تجارتی اور کاروباری کمپنی ہے جس کا مقصد کسی قسم کی سیاست میں ملوث ہونا نہیں اور نہ ہی کمپنی کسی بھی فریق کی دل آزاری کا موجب کوئی اقدام کرسکتی ہے۔