چهارشنبه 30/آوریل/2025

پولٹ بیورو حماس کے سرکردہ رہنماؤں سے ملئے

پیر 8-مئی-2017

اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے پارٹی الیکشن کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسماعیل ہنیہ نئی ٹرم کے لئے پولٹ بیورو کے سربراہ ہوں گے۔ تنظیم نے سیاسی شعبے کے آٹھ دیگر اہم رہنماؤں نے ناموں کا بھی اعلان کیا ہے جنہیں حالیہ انتخابی مرحلے میں کامیابی ملی۔

حماس کے ایک بیان کے مطابق تنظیم کی شوری کونسل نے غزہ اور دوحا میں ہونے والے اپنے حالیہ اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ اسماعیل ہنیہ تنظیم کے سیاسی شعبے کے سربراہ ہوں گے۔

بیان میں سیاسی شعبے کے لئے منتخب ہونے والے چند سرکردہ رہنماؤں کے ناموں کا بھی اعلان کیا ہے۔ کامیاب ہونے والوں میں ڈاکٹر موسی ابومرزوق، یحیی السنوار، صالح العاروری، خلیل الحیہ، محمد نزال، ماھر عبید، عزت الرشق اور فتحی حماد شامل ہیں۔

حماس نے اپنے بیان میں یہ بات زور دیکر کہی کہ اسرائیلی جیلوں سمیت  غزہ کی پٹی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں ہونے والے پارٹی انتخاب کے ہر مرحلے  پر جمہوریت اور اتفاق رائے  جیسی اقدار کی روح پوری آب وتاب سے موجود رہی۔

بیان میں حماس پولٹ بیورو کے سابق سربراہ خالد مشعل کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے بیس برس تک تنظیم کی قیادت کی جس کے اثرات تنظیمی، ملکی، عرب اور اسلامی دنیا سمیت تمام اقوام عالم میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

تحریک نے بیان کے ذریعے یہ عہد بھی کیا کہ مسلمہ قومی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے فلسطینی حقوق کا اس وقت تک بھرپور دفاع کیا جائے جب تک وطن واپسی کا حق اور آزادی کی منزل حاصل نہیں ہو جاتی۔

بیان میں اسرائیلی جیلوں میں اپنے حقوق کی خاطر بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ ان کی رہائی نوشتہ دیوار ہے۔

مختصر لنک:

کاپی