اسرائیلی حکام نے ڈیڑھ ماہ قبل شہید کیے گئے ایک فلسطینی شہری کا جسد خاکی آج اس شرط پر اس کے ورثاء کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے کہ وہ شہید کی نماز جنازہ میں 20 سے زاید افراد کو شریک نہیں کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج نے 25 سالہ شہید ابراہیم مطر کا جسد خاکی آج بدھ کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 سے ایک بجے کے درمیان اس کے ورثاء کے حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کے مندوب محمد محمود نے بتایا کہ صہیونی حکام کی طرف سے شہید کے اہل خانہ کو یہ پیغام پہنچایا گیا ہے کہ وہ شہید کی نماز جنازہ میں 20 سے زاید افراد کو شریک نہیں کریں گے۔ اگر جنازے کے شرکاء کی تعداد 20 سے تجاوز کرگئی تو انہیں 20 ہزار شیکل جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ ابراہیم مطر کو اسرائیلی فوج نے 13 مارچ 2017ء کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ مطر کو شہید کئے جانے کے بعد اس کا جسد خاکی بھی قبضے میں لے لیا گیا تھا۔