اقوام متحدہ کی طرف سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسپتالوں میں بجلی کی ہنگامی ضروریات کے لیے 5 لاکھ ڈالر کا ایندھن خرید کر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے ’ہیومن ریلیف فنڈ‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں توانائی کے موجودہ بحران کےدوران اسپتالوں میں بجلی کی ضروریات کے لیے اسپتالوں کے پار جنریٹروں کو ایندھن کی سپلائی کی جائے گی جس کے لیے عالمی ادارے کی طرف سے پانچ لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کہ ہائی کمشنر برائے ہیومن ریلیف فنڈ رابرٹ یائر نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں صحت کی صورت حال انتہائی خراب ہے۔ بجلی کے بدترین بحران نے اسپتالوں میں انسانی المیے کی کیفیت پیدا کر رکھی ہے۔
انہوں نے فلسطینی اتھارٹی، اسرائیل اور دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں بجلی کے جاری بحران کےحل کے لیے فوری اور موثر اقدامات کریں۔
مسٹر یائر کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں بجلی کی فراہمی بہ تدریج کم ہو رہی ہے۔ روزانہ قریبا 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے غزہ کی پٹی میں 13 میں سے 7 اسپتالوں کو اگلے تین دن میں بجلی کی ہنگامی طور پرفراہمی یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان بھی اقوام متحدہ کی طرف سے ملنے والے ایندھن کی روشنی میں کیا گیا ہے۔