فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج نے بھاری توپ خانے سے گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں تاہم ان حملوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح کے مشرق میں متمرکز اسرائیلی فوج نے فیلڈ کنٹرول فورس کے ایک کمپاؤنڈ کو توپ خانے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک عمارت بری طرح متاثر ہوئی۔
نامہ نگار کے مطابق دیرالبلح میں فیلڈ کنٹرول فورسز کے زیراستعمال کمپاؤںڈ پر دو گولے گرے ہیں جس کے نتیجے میں کمپاؤنڈ تباہ ہوگیا۔
قبل ازیں جنوبی غزہ کی پٹی میں کی سرحد پر لگائی گئی حفاظتی باڑ کے قریب مسلح فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج پر فائرنگ کی تھی۔ عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کی ویب سائیٹ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔