اسرائیلی فوج نے آج جمعرات کو علی الصباح مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طوباس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے رہنما کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
مقامی فلسطینی ذریعے نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے طوباس میں رات کے تین بجے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ تلاشی کی کارروائی کے دوران حماس کے مقامی رہ نما فازع صوافطہ کو حراست میں لینے کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ تلاشی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے ان کے گھرمیں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔
کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی تلاشی کی مہم کے دوران ایک دوسرے شہری اسامہ ساطی کو بھی گرفتار کیا گیا۔
خیال رہے کہ حماس رہ نما فازع صوافطہ کئی سال تک اسرائیلی جیلوں میں پہلے بھی قید کاٹ چکے ہیں۔ ان کے ایک بھائی اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہوگئے۔ فازع صوافہ عباس ملیشیا کے بھی زیرعتاب رہ چکے ہیں۔