جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی، 14 فلسطینی شہری گرفتار

جمعرات 27-اپریل-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں آج جمعرات کوقابض اسرائیلی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران مزید چودہ فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فورسز نے جمعرات کوغرب اردن اور بیت المقدس کے کئی مقامات پر دھاوے بولے اور شہریوں کے گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئےتلاشی اور توڑپھوڑ کی۔

مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق بیت المقدس، قلقیلیہ، بیت لحم اور دیگر مقامات سے چودہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ نابلس شہر میں یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پردھاوا بولا۔ جس کے بعد فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم کی بھی اطلاعات ہیں۔

بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے ابراہیم عبداللہ بدر اور الخلیل سے سابق اسیر ودیع بدران جابر کو حراست میں لے لیا۔

بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام پر چھاپے کے دوران صہیونی فوج نے عبداللہ بدر کے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کی اور دعویٰ کیا اس گھر کو اسلحہ کی تیاری کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

بیت لحم سے احمد ماجد دیریہ اور احمد عبدالرحیم دیریہ کو بیت فجار سے گرفتار کیا گیا جب کہ قلقیلیہ سے 13 سالہ علاء فاید عبید نامی ایک بچے اور کفر قدوم سے 24 ساہ علی رشید عامر کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔

طوباس شہر میں تلاشی کی کارروائی کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے رہ نما احمد فازع صوافطہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ صوافطہ 15 سال اسرائیلی عقوبت خانوں میں پہلے بھی قید رہ چکے ہیں۔

نابس میں بیت دجن کے مقام سے سابق اسیر نصیر رضوان ابو ثابت نامی ایک طالب کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔ ثابت کو دو ماہ قبل اسرائیلی جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی