جنوبی افریقا میں سابق سیاسی قیدیوں نے اسرائیلی جیلوں میں ان دنوں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی حمایت میں یکجہتی مہم کا آغاز کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جوہانسبرگ میں شروع کی گئی مہم کو ’فلسطینیوں کے لیے اسرائیل کا بائیکاٹ‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ اس مہم میں انسانی حقوق کی تنظیمیں اورسابق سیاسی قیدی پیش پیش ہیں۔
جنوبی افریقا میں سابق سیاسی قیدیوں کی نمائندہ تنظیم اور غیر سرکاری انسانی حقوق گروپ ’احمد کاتھرادا‘ کے مندوبین نے جوہانسبرگ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ اس کانفرنس میں صحافیوں، دانشوروں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
جنوبی افریقا کی انسانی حقوق کی تنظٰموں نے اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی ظالمانہ گرفتاریوں، انہیں جیلوں میں قید کرکے اذیتیں دینے اور قید کے دوران بنیادی حقوق پامال کرنے کی شدید مذمت کی۔
خیال رہے کہ 1500 سے زاید فلسطینی اسیران گذشتہ 17 اپریل سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی جیلوں میں اس وقت 6500 فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔ ان میں 60 خواتین اور 300 بچے شامل ہیں جب کہ 500 فلسطینی شہری انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت پابند سلاسل ہیں۔