جمعه 15/نوامبر/2024

میرا بیٹا زندہ اور حماس کی تحویل میں ہے: یرغمالی اسرائیلی کی والدہ

اتوار 23-اپریل-2017

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں سنہ 2014ء کو القسام بریگیڈ کے ہاں جنگی قیدی بنائے گئے اسرائیلی فوجی ’شاؤل ارون‘ کی والدہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا بیٹا زندہ اور غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی تحویل میں ہے۔

مرکزاطلاعات فلسیطن کے مطابق مغوی اسرائیلی فوجی شاؤل ارون کی والدہ کا یہ دعویٰ اسرائیل کے سرکاری دعوے برعکس ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شاؤن ارون لاپتا اور قتل کیا جا چکا ہے۔

اسرائیلی فوجی کی والدہ ’زھاوا شاؤل‘ نے عبرانی ٹی وی 2 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری کی گئی فوٹیج جس میں ارون اور ھدار گولڈن کوعبرانی میں گانا گنگناتے سنا گیا ہے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا بیٹا ابھی زندہ ہے اور وہ حماس کے ہاں جنگی کے طور پر رہ رہا ہے۔ اس فوٹیج میں دونوں اسرائیلی فوجی قیدیوں نے اپنے اہل خانہ سے اپیل کی ہے وہ ان کی رہائی کے لیے مزید اقدامات کریں۔

شاؤل ارون کی والدہ کے انٹرویو کا حوالہ فلسطینی خبر رساں ادارے’صفا‘ نے بھی دیا ہے۔ زھاوا شاؤل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاھو نے ان کے ساتھ انتہائی شرمناک رویہ اختیار کیا ہے۔ فوجی کی والدہ نے نیتن یاھو سے کہا کہ وہ اس کے بیٹے کو ایسے ہی اب زندہ اور سلامت واپس کرے جیسا کہ اس نے غزہ بھیجا تھا۔

اگرچہ شاؤل ارون کی والدہ نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس کا بیٹا غزہ میں حماس کی تحویل میں زندہ ہے تاہم وہ اس کی صحت کے بارے میں کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔ زھاوا کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ میرا بیٹا زخمی ہے یا مکمل طور پر تندرست ہے۔ وہ جب سے اغواء ہوا ہے شکوک وشبہات کی لپیٹ میں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شاؤل ارون کی والدہ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اسے اپنے گھر پربیٹے کے قتل کی خبر کے بعد جلسہ کرنے کے لیے پروٹوکول نہیں دیا۔ اگر حکومت اسے پروٹوکول دیتی تو وہ اپنے بیٹے کی تعزیت کے لیے جلسہ کرتی۔

اس کاکہنا ہے کہ میں نے وزیراعظم نیتن یاھو کو ایک مکتوب بھی ارسال کیا ہے جس میں ان سے کہا ہے کہ وہ میرے بیٹے کو ایسے ہی واپس کریں جیسا کہ غزہ میں بھیجا تھا۔

خیال رہے کہ سنہ 2014ء کی غزہ پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ کے دوران القسام بریگیڈ نے ایک گوریلا کارروائی کے دوران اسرائیل کے فوجی ارون شاؤل کو زخمی حالت میں  گرفتار کرلیا تھا۔ اس کے بعد یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا وہ زندہ ہے یا فوت ہوچکا ہے تاہم قرائن یہ بتاتے ہیں کہ وہ زندہ ہے کیونکہ القسام بریگیڈ نے اس کی متعدد ویڈیوز بھی جاری کی ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی