قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں وادی الھریہ کے مقام پر قائم جامعہ پولیٹیک پر دھاوا بولا اور یونیورسٹی کا دفتر سیل کر دیا گیا۔
مقامی سماجی کارکنوں نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ قابض فوج کی بھاری نفری نے سوموار کو علی الصباح فلسطینی یونیورسٹی کے کیمپیس اور اس کے دفتر پر چڑھائی۔ اس موقع پر قابض فوج نے یونیورسٹی کے مرکزی دفتر کو تالے لگانے کے بعد انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وہ اسے کھولنے کی کوشش نہ کریں۔
قابض فوج کی طرف سے یونیورسٹی کے دفتر کے گیٹ پر نوٹس چسپاں کیے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ یہ دفتر اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیزی اور فلسطینیوں کو ’دہشت گردی پر اکسانے‘ کا سبب بن رہا ہے۔ اس لیے اسے سیل کردیا گیا ہے۔
مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ صہیونی فوجی انتظامیہ کی طرف سے وادی الھریہ کے فلسطینی کاروباری حضرات کو بھی نوٹس جاری کیے گئے جن میں کہا گیا ہے کہ وہ جامعہ پولیٹیک کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کریں۔ ورنہ ان کا تعاون اسرائیل کے خلاف پرتشدد کارروائیوں پر اکسانے میں معاونت سمجھا جائے گا اور مقامی فلسطینی دکانداروں کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔