چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینی کارکنوں کا سرمنڈوا کر اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی

پیر 17-اپریل-2017

فلسطین میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے اسرائیلی زندانوں میں قید اپنے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔  مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم کے کارکنوں نے اسیران کی بھوک ہڑتال میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پراپنے سر منڈوائے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق بیت لحم کے شمالی داخلی راستے پر قائم اسرائیلی فوج کے کنٹرول ٹاور کے سامنے جمع 15انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں نے اسیران سے یکجہتی کے طور پراپنے سر منڈوائے۔

سر منڈوانے کا مقصد فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے جائز مطالبات اور بھوک ہڑتال میں ان کی حمایت کرنا ہے۔ سرمنڈوانے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان کے اس اقدام کا مقصد قیدیوں کے حوصلے میں اضافہ کرنا ہے۔

ایک سماجی کارکن منذر عمیرہ نے مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم یہاں جمع ہوئے ہیں تاکہ اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل اپنے بھائیوں کی بھوک ہڑتال میں ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرسکیں۔ یکجہتی کے لیے ہم نے اپنے سر منڈوائے ہیں۔ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران کی طرف سے اپنے حقوق کے لیے جو مطالبات پیش کیے ہیں ہم ان اصولی مطالبات کی کھل کرحمایت کرتے ہیں اور صہیونی ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسیران کے تمام جائز مطالبات فوری طور پرقبول کرتےہوئے انہیں بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے۔

خیال رہےکہ فلسطین میں آج 17 اپریل کو یوم اسیران کے موقع پر 1500 فلسطینی اسیران نے اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔ اگلے مرحلے میں مزید سیکڑوں اسیران اس ہڑتال کا حصہ بننے کی تیاری کررہے ہیں۔

جیلوں سے باہر فلسطینی شہری بھی اپنے اسیر بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کے لیے مختلف طرح کی تقریبات منعقد کررہے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی