امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں دولت اسلامیہ ’داعش‘ نامی جنگجو کے مرکز پر’مادر آف آل بومز‘ نامی تباہ کن مگر غیر جوہری بم حملے کا بھرپور دفاع کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں غیر جوہری بم حملے میں داعش کے گڑھ کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملہ نہایت کامیاب اور نتیجہ خیز رہا ہے۔
وائیٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گذشتہ آٹھ سال کے دوران امریکی فوج نے افغانستان میں ایسا کامیاب اور عظیم کارنامہ انجام نہیں دیا جتنا کہ گذشتہ آٹھ ہفتوں کے دوران انجام دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے طاقت کے استعمال کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے فوج کو افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا پورا پورا اختیار دیا ہے۔ حالیہ عرصے کے دوران افغانستان میں امریکی فوج نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی بہادر افواج پوری دنیا میں سب سے مضبوط ترین فوج ہے۔ اس نے افغانستان میں غیرجوہری بم سے حملہ کرکے شاندار کام کیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز امریکا نے افغانستان کے پاکستان کی سرحد سے متصل صوبہ ننگر ہار میں داعش کے سرنگوں کے ایک مرکز پر تباہ کن بم سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں جنگجو ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اس حملے کے بعد وائیٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کو اس کے مراکز سے محروم کرنے کے لیے ایسے حملوں کی ضرورت ہے۔ آئندہ بھی ضرورت پڑی تو امریکی فوج داعش کو شکست دینے کے لیے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔