اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس نے فلسطین میں ’یوم الارض‘ کی مناسبت سے ایک بار پھر پورے فلسطین کو دشمن کے تسلط سے آزاد کرانے تک جدو جہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’حماس‘ کے شعبہ امور پناہ گزین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم کی آج تیسری اور چوتھی نسل صہیونی ریاست کے غاصبانہ تسلط کے خلاف برسرپیکار اور وطن عزیز کی آزادی کے لیے قربانیاں پیش کررہی ہے۔
طویل جدو جہد کے بعد آج فلسطینی قوم کو آزادی کی بشارتیں مل رہی ہیں۔ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب فلسطین کے ایک ایک انچ پر فلسطینی قوم آزادی کے ساتھ سانس لے رہی ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کا یہ مسلمہ فیصلہ اور غیرمتزلزل عزم ہے کہ ہم سنہ 1948ء کے دوران اور اس کے بعد طاقت کے ذریعے وطن سے نکالے گئے فلسطینیوں کی واپسی کے لیے جدو جہد جاری رکھیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ41 واں ’یوم الارض‘ ہمیں ایک بار پھر اپنے وطن کے ساتھ اپنے اٹوٹ تعلق اور وابستگی کی یاد دلاتا ہے۔ فلسطینی قوم اور تمام نمائندہ جماعتیں قبلہ اول کے دفاع کے ساتھ ساتھ فلسطین کو پہنجہ یہود سے آزاد کرانے کے لیے جاری جدو جہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
خیال رہے کہ فلسطینی گذشتہ 41 سال سے 30 مارچ کوقومی سطح پر ’یوم الارض‘ مناتے ہیں۔ اس موقع فلسطینی شہری صہیونی ریاست کے غاصبانہ تسلط سے آزادی کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے۔