اسرائیل میں رائے عامہ کے ایک تازہ جائزے میں کہا گیا ہے کہ 58 فی صد صہیونیوں نے کہا ہے کہ جنگ کی صورت میں وہ اسرائیل کی موجودہ سیاسی قیادت پر اعتماد کا اظہار نہیں کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل میں ’میئر داگان اسٹریٹیجک سیکیورٹی سینٹر‘ کے زیراہتمام کیے گئے سروے میں کہا گیا ہے صہیونیوں کی اکثریت ایران اور مغرب کے درمیان ہونے والے معاہدے کے خلاف ہے۔
رپورٹ کے مطابق سروے کے دوران500 صہیونیوں سے رائے لی گئی۔ ان میں سے 85 فی صد نے کہا کہ وہ ایران اور مغرب کے درمیان تہران کے متنازع جوہری پروگرام پرطے پائے معاہدے کے خلاف ہیں۔
سروے میں حصہ لینے والے 43 فی صد صہیونیوں نے ملک کی موجودہ امن وامان کی صورت حال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جب کہ 27 فی صد نے اپنی ذات کےحوالے سے پریشانی کا اظہار کیا۔
اسرائیلیوں کی اکثریت نے ملک کی موجودہ معاشی ابتری پربھی تشویش کا اظہار کیا۔ 69 فی صد نے کہا کہ وہ مہنگائی اور بے روزگاری کے بڑھتے طوفان سے خوف زدہ ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر 68 فی صد نے کہا کہ وہ ٹرمپ کو اسرائیل کے لیے قابل اعتماد سمجھتے ہیں۔