چهارشنبه 30/آوریل/2025

شہداء کے جسد خاکی روکے جانے کے خلاف فلسطینیوں کا احتجاج

جمعرات 23-مارچ-2017

فلسطینی شہداء کے جسد خاکی روکے جانے کے خلاف فلسطینی شہریوں نے ایک بار پھر احتجاج شروع کیا ہے۔ گذشتہ روز غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں شہداء کےجسد خاکی روکے جانے کے خلاف فلسطینی شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج کی تحویل میں موجود شہداء کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ شہداء کو اسلامی طریقے سے سپرد خاک کیا جاسکے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت لحم میں شہداء کے جسد خاکی کے لیے نکالے گئے جلوس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں ان فلسطینی شہداء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جن کے جسد خاکی صہیونی فوج نے اپنے قبضے میں لے رکھے ہیں۔

احتجاجی مظاہرے میں شہداء کے ورثاء، انسانی حقوق کے کارکنوں، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے ارکان کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ اس موقع پر مظاہرین نے شہداء کے جسد خاکی واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شہداء کے جسد خاکی واپس لینے کے لیے نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء پر تشدد کیا۔ تشدد کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے سنہ 2015ء کے بعد سے سیکڑوں فلسطینیوں کو ماورائے عدالت شہید کیا۔ ان شہداء میں سے سات کے جسد خاکی اب بھی اسرائیلی فوج کے قبضے میں ہیں۔ جن کی واپسی کے لیے ان کے اہل خانہ بے قرار ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی