چهارشنبه 30/آوریل/2025

امریکی حساس ادارے کے افسر کا لیپ ٹاپ چوری

اتوار 19-مارچ-2017

امریکی شہر نیویارک میں خفیہ ادارے کے ایک اہلکار کی گاڑی میں سے وہ لیپ ٹاپ چوری کر لیا گیا جس میں ٹرمپ ٹاور سے متعلق منصوبے اور دیگر حساس معلومات موجود تھیں۔

خفیہ ادارے نے تصدیق کی ہے کہ یہ انکرپٹڈ لیپ ٹاپ جمعرات کو غائب کیا گیا۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس لیپ ٹاپ میں ڈیموکریٹک کی سابق صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کے پرائیویٹ ای میلز کے استعمال کے حوالے سے مجرمانہ انکوائری کی تفصیلات موجود تھیں۔

پولیس وہاں پر لگے خفیہ کیمروں کی مدد سے مشتبہ شخص کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

خفیہ ادارے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارا ایک اہلکار اس مجرمانہ عمل کا نشانہ بنا ہے جس میں ہمارے ادارے کی جانب سے جاری کیے جانے والا لیپ ٹاپ چوری ہو گیا ہے۔‘

ادارے کا مزید کہنا تھا کہ ’اس لیپ ٹاپ میں کئی سکیورٹی لیئرز جن میں فل ڈسک انکرپشن شامل ہے لگائی گئی ہیں‘

اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان تمام اشیا کو گاڑی میں رکھے ہوئے ایک بیگ میں سے چوری کیا گیا۔ بعد میں بیگ تو مل گیا لیکن اس میں لیپ ٹاپ موجود نہیں تھا۔

مختصر لنک:

کاپی