سبزیاں ہماری خوراک کا لازمی جزو ہیں اور سبزیوں کے پکانے کے نت نئے طریقے بھی سامنے آرہے ہیں۔ اسی ضمن میں ماہرین صحت کا کہنا ہے جس طرح سبزیاں انسانی صحت کے لیے مفید ہیں اسی طرح سبزیوں کے چھلکوں میں بھی بے پناہ طبی فواید پائے جاتے ہیں۔
برطانوی اخبار’ڈیلی میل‘ سے بات کرتے ہوئے خوراک کی ماہر ماری جین کا کہنا ہے کہ ہم سبزیوں کی صفائی کے لیے ان کا چلکا اتار کر ردی کی ٹوکریاں بھر دیتے ہیں۔ ایسا کرکے ہم سبزیوں کے بہترین طبی اجزاء سے محروم ہوجاتے ہیں۔ بعض سبزیوں کے چھلکے میں پائے جانے والے غذائی اور طبی فواید چھلکے کے اندر کے حصوں سے زیادہ ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا گھریلو خواتین اور دیگر افراد کو مشورہ ہے کہ اگر وہ سبزیوں کے بہترین طبی فواید سمیٹنا چاہتے ہیں تو سبزیوں کا چھلکا استعمال کرنے سے نہ گبھرائیں بلکہ چھلکے سمیت سبزیاں پکائیں۔
برطانوی ماہرخوراک کا کہنا ہے کہ آلو، کھیرے اور گاجر کے چھلکے میں بے پناہ طبی خواص پائے جاتے ہیں۔ ان سبزیوں کے چھلوں میں فائر کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو ہاضمے کے لیے بہت مفید خیال کیے جاتے ہیں۔
کھیرے کے چھلکے میں اینٹی آکسائیڈ، ویٹا من K، آلو کے چھلکے میں آئرن، کیلشیم، پوٹائشیم، میگنیشیم، وٹا من B 6 اور وٹا من C کی وافرمقدار پائی جاتی ہے۔