ملائیشیا کی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کے دورہ کولالمپور کے دوران دہشت گردوں نے ان پر حملے کی سازش تیار کی تھی تاہم اس سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ملائیشیا کے دارالحکومت کولالمپور کے انسپکٹر جنرل پولیس خالد ابو بکر نے بتایا کہ پولیس نے فروری کے آخر میں چار یمنی باشندوں سمیت سات مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لیا تھا جنہوں نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے شاہ سلمان پرحملے کا منصوبہ تیار کیا تھا مگر اس پرعمل درآمد سے پہلے ہی انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
ملائیشیا کے ایک مقامی اخبار ’فری ملایا ٹوڈے‘ کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس خالد ابو بکر نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ساتوں دہشت گردوں پر شدت پسند گروپ ’داعش‘ سے تعلق ثابت ہوا ہے۔ وہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے دورہ کولالمپور پر دہشت گردی کی کارروائیوں اور شاہ سلمان پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
ملائیشین پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے مشتبہ دہشت گردوں کی عمریں 26 سے 33 سال کے درمیان ہیں۔ ان کا تعلق جعلی پاسپورٹ تیار کرنے اور منشیات کی تجارت کرنے والے مجرم گروپ کے ساتھ بھی بتایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز حال ہی میں ایشیائی ممالک کے دورے کے دوران ملائیشیا بھی گئے تھے جہاں سرکاری اور عوامی سطح پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا تھا۔