جمعه 15/نوامبر/2024

انتخابات میں غزہ کو نظرانداز کرنا قوم اور جمہوریت سے دشمنی ہے: حماس

بدھ 1-مارچ-2017

فلسطینی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں 13 مئی2017ء کو بلدیاتی انتخابات کرانے کی اور غزہ کی پٹی کو انتخابی عمل میں نظرانداز کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔ دوسری جانب ملک کی سب سے بڑی مذہبی سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے غزہ کو انتخابی عمل میں نظرانداز کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی اتھارٹی کی قوم اور جمہوریت سے دشمنی قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں وزیراعظم رامی الحمد اللہ کی زیرقیادت قائم فلسطینی حکومت نے تیرہ مئی سنہ دو ہزار سترہ کو صرف مغربی کنارے کے شہروں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دی ہے۔

فلسطینی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے بعد پریس کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں غزہ میں اس لیے انتخابات نہیں کرائے جا رہے کیونکہ حماس نے حکومت کے طے کردہ ضابطہ اخلاق کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے حکومتی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رام اللہ اتھارٹی نے ایک طے شدہ حکمت عملی کے تحت غزہ کی پٹی میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد مخصوص سیاسی گروپوں کو سیاسی فواید پہنچانا، فلسطینیوں کے درمیان پہلے سے چلی آرہی بے اتفاقی کی خلیج کو مزید گہرا کرنا اور قومی سیاسی شراکت کے وضع کردہ فریم ورک پر عمل درآمد سے راہ فرار اختیار کرنا ہے۔

حماس کے ترجمان عبدالطیف القانوع نے کہا کہ غرب اردن میں بلدیاتی الیکشن منعقد کرانا اور غزہ کو نظرانداز کرنا جمہوری عمل کو برباد کرنا اور تحریک فتح کو سیاسی فواید پہنچانا ہے۔ اس فیصلے سے فلسطینیوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات مزید گہرے ہوسکتے ہیں۔

حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے غزہ کی پٹی کو چھوڑ کر صرف غرب اردن کے علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کو عوام بھی مسترد کردیں گے کیونکہ انتخابی عمل میں بعض علاقوں کو نظرانداز کرنا اور بعض میں خصوصی انتظامات کے تحت انتخابات کرانا جمہوریت دشمنی کا واضح ثبوت ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ ان کی جماعت فلسطین کے علاقوں غزہ کی پٹی اور غرب اردن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار ہے مگر فلسطینی اتھارٹی اور اس کے زیرانتظام حکومت من مانی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کے عوام کے جمہوری حقوق کو پامال کررہی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی