جمعه 15/نوامبر/2024

یحییٰ السنوار کا خالد مشعل کو فون، اہم امور پر بات چیت

پیر 27-فروری-2017

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے نو منتخب صدر یحییٰ السنوار نے جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کو ٹیلیفون کیا۔ ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران فلسطین کی موجودہ صورت حال، تنظیم معاملات اور دیگر اہمیت کے حامل امور پر بات چیت کی گئی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کی شام یحییٰ السنوار اور خالد مشعل کے درمیان ہونے والی بات چیت میں جماعت کی شورائیت اور جمہوریت پر مبنی پالیسی پر بھی بات چیت کی گئی۔ خالد مشعل نے جماعت کی جمہوریت پسندی کو سراہا اور کہا کہ غزہ میں حالیہ پارٹی انتخابات میں حقیقی جمہوریت اور شورائیت کی مثالیں دیکھی گئی ہیں۔

دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں جماعت کا سیاسی دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اس موقع پر حماس رہ نما اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کے وفد کے بیرون ملک دورے اور اس کے نتائج، غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں حماس کی تنظیم نو سمیت دیگر اہم امور زیر بحث آئے۔

خالد مشعل اور السنوار نے قومی وحدت کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے دیرینہ قومی اصولوں، قومی روایات اور بنیادی مطالبات پر قائم رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

انہوں نے استنبول میں منعقد ہونے والی بیرون ملک فلسطینی کانفرنس کی تعریف کی اور منتظمین کو عظیم الشان اجتماع منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

خیال رہے کہ خالد مشعل اور یحییٰ السنوار کےدرمیان چار سال کے بعد پہلی بار ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے۔ السنوار کوحالیہ پارٹی انتخابات میں غزہ کی پٹی جماعت کا نیا صدر چنا گیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی