جمعه 15/نوامبر/2024

فلسطینی قوم پر اسرائیل نے نظریاتی جنگ مسلط کر رکھی ہے:فلسطینی عہدیدار

اتوار 26-فروری-2017

فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمودعباس کے مشیر برائے اسٹریٹیجک امور نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی اسرائیلیوں کے ساتھ جنگ زمینی تنازع سے زیادہ نظریاتی نوعیت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے مخصوص نظریے کے لیے جنگ لڑ رہی ہے جب کہ اسرائیل الگ قومی نظریہ پیش کرتا ہے اور وہ اپنے نظریے کو مسلط کرنے کے لیے تمام حربے استعمال کرتا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صدر محمود عباس کے مشیر حسام زملط نے غزہ کی پٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینی قوم پر اپنے نظریات مسلط کرنے کے لیے بھاری بجٹ خرچ کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قلعے باہر سے نہیں اندر سے ٹوٹا کرتے ہیں۔ اسرائیل فلسطین کےقلعے کو اندر سے توڑنے کے لیے اس پر نظریاتی حملے کررہا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کے مشیر کا کہنا تھا کہ ہماری قوم ہرسطح پر اسرائیل کی مسلط کردہ نظریاتی جنگ کا سامنا کر رہی ہے۔اس جنگ میں پوری قوم، نوجوانوں، دانشوروں، مصنفین، علماء اور ہر شعبہ ہائے زندگی کے افراد کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

حسام زملط نے تمام فلسطینی دھڑوں کے درمیان اختلافات ختم کرتے ہوئے باہمی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام فلسطینی باہم متحد ہو کر ہی صہیونیوں کی مسلط کردہ نظریاتی جنگ کا مقابلہ کرسکتےہیں۔

فلسطینی عہدیدار نے تسلیم کیا کہ غزہ کے عوام اسرائیل کی مسلط کردہ پابندیوں کے باعث انسانی المیے سے گذر رہے ہیں۔ غرب اردن اور بیت المقدس کے فلسطینی دشمن کے استعماری حملوں، مکانات مسماری، ٹارگٹ کلنگ، اراضی پر غاصبانہ قبضوں اور یہودی آباد کاروں کی  دہشت گردی کا شکار ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی