جمعه 15/نوامبر/2024

لبنان میں حماس کے مندوب کی چینی سفیر سے ملاقات

ہفتہ 11-فروری-2017

لبنان میں متعین اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے مندوب علی برکہ نے لبنان میں چین کے سفیر وانگ کیجیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت حال  اور علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے مندوب علی برکہ اور چینی سفیر کے درمیان ملاقات میں فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے روز مرہ کی بنیاد پرجاری حملے، بیت المقدس اور فلسطین میں دوسرے اسلامی مقدسات کی بے حرمتی، اسرائیلی کنیسٹ کی جانب سے حال ہی میں فلسطینی املاک اور اراضی ہتھیانے کے لیے منظور کردہ قانون، فلسطین میں یہودی آباد کاری میں تیزی، اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے موقع پر حماس کےسیاسی شعبے کے رکن زیاد حسن بھی موجود تھے۔ علی برکہ نے ملاقات کے موقع پر چینی سفیر کو اسرائیلی وزیراعظم کی فلسطینی اراضی میں توسیع پسندانہ پالیسیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے چینی سفیر سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی حکومت سے فلسطین میں یہودی آباد کاری روکنے اور اسرائیلی ریاست کے جرائم روک تھام اور غزہ کی ناکہ بندی اٹھانے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈلوائیں۔

چینی سفیر سے ملاقات کے دوران اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی اسیران اور فلسطینی پناہ گزینوں کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی قوم کے مسائل کے حل اور حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔

مختصر لنک:

کاپی